زبان دانی
ازقلم: مفتی صدیق احمد
زبان سیکھنے کا عمل فطری عمل ہے اس میں حافظہ اور فہم کی کوئی حیثیت نہیں ہے , اور فطرت میں محاکات ہے اس لیے زبان اگر محاکات واشارات کے ذریعہ فطری ترتیب سے سکھا نے کی کوشش کی جاۓ تو قلیل عرصے میں نتیجہ برآمد ہوگا اور اگر غیر فطری طریقے سے زبان سکھانے کی کوشش کی گئی تو یہ رائگاں ہوگا اور بسا اوقات مایوس کن بھی!!
یادرہے! کسی بھی چیز کو تحریری شکل میں پیش کرنے کے لیے زبان دانی یعنی زبان کوجاننا بہت ضروری ہوتاہے؛ اس کے بغیر قلم اٹھانا بھی ناممکن ہے،اورزبان دانی ماحول سے آتی ہے؛کیونکہ جب ہم چھوٹے بچے کی زندگی پر غور کرتےہیں تو پتہ چلتاہےکہ بچہ بچپن میں رو کر اپنی ضروریات کرواتاہے،پھر جب کچھ مہینے گزر جاتے ہیں تو بچہ دنیوی ماحول میں رہ کر سنتے سنتے امی ابو وغیرہ بولنے لگتاہے؛ایک ،ڈیڑھ سال گزرنے کے بعد بچہ سن کر سمجھنے لگ جاتاہےکہ فلاں چیز کو کیاکہا جاتاہے۔چنانچہ اب وہ اپنی ٹوٹی پھوٹی زبان میں بولنا شروع کردیتاہے؛جب بچے کی عمر تین چار سال یااس سے زیادہ ہوجاتی ہے توالف،باء،تاء،ثاء،جیم،حاء،خاء،وغیرہ کی شناخت حاصل ہوجاتی ہے،اور پڑھنا شروع کردیتاہے،حروف کی شناخت پر پکڑ ہوجانے کے بعد لکھنے کا طریقہ سیکھنے لگتاہے،اور کچھ دن کی محنت کے بعد لکھنا بھی آجاتاہے۔
بچے کےمرحلے وارزبان دانی تک پہنچنے کی کوشش میں کل پانچ چیزیں سامنے آئیں، (1)سننا(2)سمجھنا(3)بولنا(4)پڑھنا(5)لکھنا۔ ان پانچوں چیزوں میں ایک ہی چیز مشترک نظرآئ،جس کی وجہ سے یہ ساری کوششیں فائدہ مندثابت ہوئی؛اور وہ ہے ماحول ،پتہ چلا کہ زبان سیکھنے کےلیے ماحول قائم کرنا ضروری ہے،اس کے بغیر زبان سیکھنے کاخواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
ہم ماحول کس طرح تلاش کریں:
(1)اپنے آس پاس ایسے لوگوں کو تلاش کریں جن کی اردو اوروں سے بہتر ہو۔اوران کے ساتھ بات چیت کے لیے باقاعدہ کچھ وقت نکالیں۔
(2)ہم دن کازیادہ ترحصہ اردو بولنے ،لکھنے اورپڑھنے میں صرف کریں۔
(3)اردو کی کتابوں کا مطالعہ کریں۔ایسی کتابوں سے مطالعے کی ابتدا کریں جن سے بوریت کا احساس نہ ہو،بشاشت باقی رہ سکے۔
(4)پڑھنے کے زمانے میں ہی روزانہ اسباق حل کرنے کےبعد کسی بھی موضوع پر اپنے اندازمیں اظہار خیال کرتے رہیں،اوراسے کاپی پر لکھ لیں۔
(5)ایسے لوگوں کی تحریریں کثرت سے پڑھیں جواردو زبان میں آج کل تحریریں تیار کرتےہوں اورعلمی وادبی حلقوں میں انہیں مقبولیت عامہ وخاصہ حاصل ہو۔
ان سب کی پابندی کے ساتھ ساتھ آگے آنے والے اصول وضوابط کوسامنے رکھ کر ترتیب وارسیکھتے جائیے،محنت کرتے رہیے،بہت جلد آپ ایک ماہراورممتازقلم بن جائیں گے۔ ان شاء اللہ۔
ماشاءاللہ بہت بہتر رائے ہے
جواب دیںحذف کریںاگر اس میں ان صاحب کتاب کا تذکرہ ہوتو بہتر ہوگا جن کی کتابیں پڑھنے سے اردو میں روانگی آئے.
نیز چند کتابوں کا نام بھی بتایا جائے
جزاک اللہ خیرا